لاہور/رحیم یار خان( این این آئی)آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر گرینڈ پولیس کچہ آپریشن 42 ویں روز میں داخل ہو گیا ،خوف کی علامت سمجھے جانے والے وقار عرف وقاری عمرانی نے پانچ ساتھیوں سمیت سرنڈر کر دیا،پولیس جزیرہ نما کچہ رجوانی میں ڈاکوئوں کے خلاف ڈرون ٹیکنالوجی بھی استعمال میں لے آئی۔
پولیس ترجمان کے مطابق رحیم یار خان اور راجن پور پولیس کی کاروائیوں میں اب تک 10 ڈاکو ہلاک،46 گرفتار 18سرنڈرکر چکے ہیں جبکہ آپریشن کے دوران 09 مغوی بھی بازیاب کرائے گئے ہیں۔ آر پی او ڈی جی خان کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان کی قیادت میں جدید ہتھیاروں اور بکتر بند گاڑیوں سے لیس پولیس دستے دشوار گزار علاقہ کچہ مورو میں داخل ہو گئی ہے۔آپریشن میں پنجاب پولیس کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے اور خوف کی علامت سمجھے جانے والے وقار عرف وقاری عمرانی نے پانچ ساتھیوں سمیت سرنڈر کر دیا ہے۔وقار عرف وقاری عمرانی گینگ اغوا برائے تاوان، ڈکیتی، اسلحہ سمگلنگ اور قتل جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث تھا۔سرنڈر کرنے والے ڈاکوئوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، ایس ایم جی گنز،ایمونیشن برآمدکیا گیا ہے ۔ کچہ مورو میں بھی اغوا ء برائے تاوان، چوری، ڈکیتی، راہزنی میں ملوث گورا عمرانی اور پٹ گینگز کی کمین گاہوں کا محاصرہ کرکے پیش قدمی جاری ہے ۔ ترجمان کے مطابق پولیس کی بکتر بند گاڑیوں نے کچہ مورو میں تمام کمین گاہوں اور خفیہ ٹھکانوں کو مکمل تباہ کر کے نذر آتش کر دیاہے ۔رحیم یار خان پولیس کا کچہ کراچی کو کلیئر کرنے کے بعد کچہ رجوانی پر مکمل فوکس ہے ۔ ترجمان کے مطابق پولیس جزیرہ نما کچہ رجوانی میں ڈاکوئوں کے خلاف ڈرون ٹیکنالوجی بھی استعمال میں لے آئی ہے ۔پولیس نے دریائے سندھ کے درمیان وسیع و عریض خطرناک جزیرہ نما کچہ پر ڈرون کی مدد سے ڈاکوئوں کی ریکی شروع کر دی ہے ۔
ترجمان پولیس کے مطابق پولیس کچہ کے علاقہ سے کریمنلز کے مکمل صفایا اور پائیدار امن تک کارروائیاں جاری رکھے گی۔ ڈی پی او رحیم یار خان نے کہا کہ پولیس نے اپنی مدد آپ کے تحت قائم سکول اور ڈسپنسری کو اپ گریڈ کر دیا ہے، پولیس سکول اور ڈسپنسری کو خیموں سے نکال کر عمارتوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔