لاہور ( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر وسابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین اور چیف آرگنائزر چوہدری سرور سے مختلف وفود نے ملاقات کی جس میں اہم سیاسی شخصیات نے پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کر دیا ۔
ملاقات میں جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ پنجاب چوہدری شافع حسین اور چوہدری ذوالفقار موجود تھے ۔ معروف قانون دان میاں شکیل ٹھاکر نے وفد کے ہمراہ چوہدری شجاعت اور چوہدری سرور سے ملاقات کی،میاں شکیل ٹھاکر کو صدر ٹاسک فورس لیگل افئیرز و ترجمان ٹاسک فورس پاکستان مسلم لیگ مقرر کیا گیا، میاں فرید الدین جنرل سیکرٹری ٹاسک فورس لیگل افئیرز پاکستان مسلم لیگ ہوں گے ۔میاں شکیل ٹھاکر نے چوہدری شجاعت حسین کو لیگل امور بارے بریفنگ بھی دی ۔ قومی وطن پارٹی کے روالپنڈی و اسلام آباد میں ضلعی نائب صدر ڈاکٹر فضل دیان اور جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر میاں شیراز نے بھی شمولیت کا اعلان کیا ، دونوں کو لیگل ٹاسک فورس برائے ریفارمز کے لئے وائس چیئرمین کا عہدہ تفویض کیا گیا ۔ تمام عہدیدران نے چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری سرور کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان میں پڑھے لکھے اور حقیقی معنوں میں تبدیلی کے خواہش مند افراد کی کمی نہیں، پاکستان مسلم لیگ ہر اس شخص کو خوش آمدید کہے گے جو ملک کیلئے مثبت کرنے کا جذبہ رکھتا ہے۔ نو مئی کے کرداروں کو قرار واقعی سزا ملنی چاہئے ۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ حقیقی معنوں میں جمہوری جماعت ہے، فوجی تنصیبات سمیت جناح ہائوس پر حملہ کرنے والے شرپسند کسی رعایت کے مستحق نہیں،۔ فوج نے تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کیا جو قابل ستائش ہیں ۔