کراچی (این این آئی)صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کے پی کے اسمبلی عمران خان کو بچانے کے لیے چاہے جتنی ترامیم کر لے ، خان صاحب قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ
عمران خان نے کے پی کے کا سرکاری ہیلی کاپٹر رکشہ ٹیکسی کی طرح استعمال کیا ، عمران خان کے غیر قانونی کاموں کو تحفظ دینے کے لیے کے پی کے اسمبلی میں ہیلی کاپٹر کے استعمال کے قوانین میں ترامیم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان دوسروں پر این آر او کے جھوٹے الزام لگاتے ہیں ، لیکن پشاور اسیمبلی سے این آر او لے رہے ہیں ۔ کے پی کے اسمبلی نے 2008 سے سرکاری ہیلی کاپٹر کا نجی استعمال جائز قرار دے دیا ہے ، شرجیل میمن نے کہا کہ کے پی کے حکومت کے وسائل صرف نام نہاد صادق اور امین پر خرچ کئے جا رہے ہیں ۔ کے پی کے کی عوام دہشتگردی ، مہنگائی اور بھتہ کی پرچیوں سے پریشان ہیں ، جبکہ حکومت عمران خان کو بچانے میں لگی ہوئی ہے ، انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں سینئر سیاستدان ، اراکین اسمبلی اور تاجر برادری کو دھمکیاں مل رہی ہیں ،دو روز قبل ایف آئی اے کے سینئر افسر کو لکی مروت میں قتل کر دیا گیا ہے ، شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حد یہ ہے کہ عمران خان کی ایما پر ، کے پی کے ، گلگت بلتستان ، پنجاب اور آزاد کشمیر کے وزرا اعلی اور وزرا اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں وفاق کو دھمکیاں دے رہے ہیں ۔