دوحہ (آن لائن) قطر میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں ایک اور اپ سیٹ ہوگیا جہاں جاپان نے 4 مرتبہ عالمی چمپیئن رہنے والی مضبوط جرمنی کی ٹیم کو ایک اچھے مقابلے کے بعد 1-2 سے شکست دے دی۔خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ ای کے پہلے میچ میں جرمنی نے بڑا آغاز کیا اور پہلے ہاف میں جاپان کے خلاف زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا
اور برتری حاصل کی۔میچ کے 33 ویں منٹ پر جرمنی کے الکے نے پنالٹی پر باآسانی گول کرکے اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلائی۔جرمنی نے اچھے کا کھیل کا مظاہرہ جاری رکھنے ہوئے پہلے ہاف کے اختتام سے چند لمحے قبل ہی گول کیا تاہم ریفری نے فول قرار دیا جس کے باعث برتری دوگنا نہیں ہوسکی۔جاپان نے پہلے ہاف میں گول کرنے کی کوششیں کیں لیکن خاطر خوا کامیابی نہیں ملی تاہم ہاف کے بعد میدان میں واپس آئے تو وہ بہتر کھیل پیش کرنے میں کامیاب ہوئے۔میچ کے 75 ویں منٹ پر جاپان کے رستو ڈوان نے شان دار گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔مقابلہ برابر ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کی جانب سے برتری کے لیے تابڑ توڑ حملے کیے گئے لیکن تکوما آسانو نے 83 ویں منٹ میں گول کرکے جاپان کو میچ میں جیت کی امید دلائی۔جرمنی کی تجربہ کار اور سابق عالمی چمپیئن ٹیم خسارہ ختم کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی اور جب میچ کا اختتام ہوا تو جاپان نے ایک کے مقابلے میں 2 گول سے ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کردیا۔ورلڈ کپ کے گروپ میں یہ پہلا میچ تھا اور جاپان اس فتح کے ساتھ 3 پوائنٹس حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔اس سے قبل گزشتہ روز سعودی عرب نے میسی جیسے مشہور کھلاڑی کی موجودگی میں ارجنٹینا کی مضبوط ٹیم کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کا پہلا اپ سیٹ کردیا تھا۔