مکوآنہ (این این آئی )فیصل آباد سمیت صوبے بھر میں نیا تعلیمی سال شروع ہوئے دو ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن پنجاب حکومت فیصل آباد سمیت صوبے بھر کے سرکاری کالجوں کے لئے عارضی اساتذہ کی بھرتی کرنے میں ناکام رہی ہے۔
اس کوتاہی کی وجہ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی عدم دلچسپی بتائی جاتی ہے۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں نیا تعلیمی سال شروع ہونے کے باوجود سرکاری کالجوں میں اساتذہ کی کمی برقرار ہے۔پنجاب بھر میں 800 سے زائد سرکاری کالجوں کو 6000 ہزار سے زائد مستقل اساتذہ کی کمی کا سامنا ہے۔ جسے پورا کرنے کے لئے محکمہ ہائر ایجوکیشن ہر سال عارضی اساتذہ بھرتی کرتا ہے جبکہ محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے رواں سال ان کالجوں کے لئے 4000 عارضی اساتذہ بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ لیکن دو ماہ عرصہ گزر جانے کے باوجود وزیراعلیٰ پنجاب نے اساتذہ کی بھرتی کی منظوری تاحال نہیں دی۔ جس کے بعد یہ معاملہ التواء کا شکار ہوکر رہ گیا۔