لاہور( این این آئی)پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی رقم میں 2لاکھ سے 3 لاکھ روپے اضافہ کردیا۔نجی ٹی وی کے مطابق جاں بحق افراد کے ورثا ء کو 8 لاکھ کے بجائے 10 لاکھ روپے دئیے جائیں گے جبکہ شدید زخمی افراد، مکمل تباہ
اور جزوی تباہ ہونے والے گھروں کے متاثرین کی امداد رقم میں بھی اضافہ کردیا گیا۔سیلاب میں شدید زخمی ہونے والوں کی امداد 3 لاکھ مقرر کردی گئی جبکہ سیلاب میں مکمل تباہ ہونے والے گھروں کے افراد کی امداد ایک لاکھ سے بڑھا کر 4 لاکھ کر دی گئی۔جزوی متاثرہ گھروں کی مالی امداد 40 ہزار سے بڑھا کر 2لاکھ کر دی گئی،مویشیوں کی ہلاکت پر بڑے جانور کے فی کس نقصان کی مالی امداد 20 ہزار سے بڑھا کر 75 ہزار کر دی گئی ہے۔خیال رہے کہ پنجاب میں سیلاب کے باعث 3 اضلاع راجن پور ،ڈی جی خان اور میانوالی سب سے زیادہ متاثر ہوئے، تینوں اضلاع میں 37 یونین کونسلز کے 236 موضع جات متاثر ہوئے۔حکام کے مطابق ان تین اضلاع میں 4 لاکھ ایک ہزار 977 ایکڑ رقبہ متاثر ہوا جبکہ ایک لاکھ 78 ہزار 186ایکڑ پر موجود فصلیں تباہ ہوئیں۔