اسلام آباد( آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف اسد عمر نے کہا ہے کہ دہشتگردی کی دفعات لگا کے آپ عمران خان کا تو کچھ نہیں بگاڑ رہے لیکن پوری دنیا میں جگ ہنسائی ہو رہی ہے، سیاست میں عمران خان کا مقابلہ کرنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہو گیا ہے۔عمران خان کی ضمانت میں توسیع کی درخواست منظور کیے جانے کے بعد اے ٹی سی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی
کے جنرل سیکریٹری اسد عمر نے کہا کہ عمران خان پر دہشت گردی کا مقدمہ بناکر یہ حکمران ان کا کچھ نہیں بگاڑ رہے لیکن ملک کا تشخص ضرور خراب کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ عمران خان کی سیاسی مقبولیت کا مخالفین کے پاس کوئی جواب نہیں بچا، ان کو نظر آگیا ہے کہ عمران خان کا سیاسی مقابلہ مشکل نہیں نا ممکن ہوگیا ہے، اس لیے مخالفین کوشش کر رہے ہیں کہ کسی بھی طریقے سے غیر قانونی مقدمے بنا کر اس کا راستہ روکا جائے لیکن یہ جتنا دباؤ بڑھانے کی کوشش کرتے ہیں عمران خان اتنا زیادہ مقبول ہوتے جا رہے ہیں۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ قوم عمران خان ساتھ کھڑی ہوگئی ہے ، ملک میں ایسے جمہوری نظام کے لیے جس پر عمران خان کا اعتماد ہو، اس کے لیے صاف شفاف فوری الیکشن ہی حل ہے، ہمارے خیال میں عوام عمران خان کے حق میں فیصلہ کرچکے ہیں، اگر مخالفین سمجھتے ہیں کہ وہ مقبول ہیں تو سیاسی میدان میں الیکشن میں مقابلہ کریں۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی زندگی کو خطرہ ہے، انہیں دھمکیوں کا سامنا ہے جب کہ یہ حکمران ایسے حالات پیدا کر رہے ہیں جہاں ان کی سیکیورٹی کو سخت خدشات لاحق ہوجاتے ہیں۔اسد عمر نے کہا عمران خان کی جد وجہد ہی قانون کی حکمرانی اور عدالتوں کے لیے ہے ، عمران خان زندگی میں ایک مرتبہ جیل گئے اور وہ جیل انہوں نے صرف عدلیہ کی آزادی کے لیے کاٹی تھی۔