اسلام آباد (این این آئی)ماہرین صحت اور فلاحی اداروں نے سیلاب زدہ علاقوں میں 50 لاکھ افراد کے بیمار ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔وائس چانسلر ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے مطابق ڈاکٹر شہزاد علی خان پاکستان میں سیلاب سے اب تک 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے ،
چند ہفتوں میں لاکھوں افراد آلودہ پانی اور مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں سے متاثر ہوں گے۔ڈاکٹر شہزاد علی خان کے مطابق سیلابی علاقوں میں ٹائیفائیڈ اور ہیضے کی مشترکہ ویکسین ہر شخص کو لگائی جائے۔ماہر امریکی سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول کے مطابق سیلابی علاقوں میں ڈینگی، ملیریا، خسرہ اور پولیو پھیلنے کے امکانات کئی گنا بڑھ گئے ہیں۔ڈاکٹر رانا محمد صفدر نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ بچوں میں ویکسی نیشن کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔فلاحی ادارے الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر سیلاب زدگان کے علاج کے لیے ایک ارب روپے کی دوائیں درکار ہیں، درکار ادویات اور اشیا کی لسٹ بنا لی ہے، اس کے علاوہ ادویات عطیہ نہ کریں۔الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ ادویات کی لسٹ پاکستان ہیلتھ سسٹم فارماسسٹس کی مشاورت سے تیار کی گئی ہے۔