راولپنڈی (این این آئی)صوبائی وزیر پنجاب کوآپریٹو اور پبلک پراسیکیوشن محمد بشارت راجہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کو پرامن طور پر گزارنا پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے، پنجاب بھر میں برآمد ہونے والے ماتمی جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی ہے
، لااینڈ فورسز عوام کی جان ومال کی محافظ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر راولپنڈی نور الامین اور آر پی او عمران احمر کے ہمراہ ٹینچ بھاٹہ اور مرکزی جلوس راجہ بازار کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ دورے کے دوران دسویں محرم الحرام کے ماتمی جلوسوں میں سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طاہر فاروق، اے ڈی سی جی قاسم اعجازِ، اسسٹنٹ کمشنر سٹی زنیرہ آفتاب،ممبر امن کمیٹی شاہد غفور پراچہ، پیر اظہار حسین بخاری، پیر عتیق الرحمن،مولانا اقبال رضوی بھی موجود تھے۔محمد بشارت راجہ نے کہا کہ راولپنڈی میں 4ہزار سے زائد پولیس اہلکار اپنے فرائض منصبی ادا کر رہے ہیں۔محرم الحرام کے موقع پر راولپنڈی میں کیے گئے سیکورٹی انتظامات پر انتظامیہ اور پولیس کو شاباش دیتا ہوں۔ماتمی جلوسوں کے منتظمین نے سیکیورٹی کے لیے کیے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا جوکہ خوش آئند ہے۔محمد بشارت راجہ نے کہا کہ افسران جلوسوں میں شرکت کرکے انتظامات کی نگرانی کریں۔سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔