لاہور (آن لائن) الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 167لاہور میں بدامنی کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا، تحریک انصاف کے امیدوار شبیر گجر کی معاون وکیل نے رپورٹ پراعتراض اٹھا دیا، مسلم لیگ (ن )کے امیدوار نذیر چوہان کے وکیل نے
حلقہ کے نتائج کو امتناع میں رکھنے اور تحقیقات کی استدعا کر دی۔پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی167 میں مسلح تصادم اورفائرنگ کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ تحریک انصاف کے امیدوار شبیر گجر، انکوائری کمیٹی اور سی سی پی او لاہور رپورٹ کے ہمراہ پیش ہوئے۔ نذیر چوہان کے وکیل خالد اسحاق نے دلائل دیئے کہ اگرغیر قانونی کام ہوا ہے، وہ صرف الیکشن کے دن یا پولنگ اسٹیشن تک محدود نہیں۔ حلقہ کے نتائج کو امتناع میں رکھتے ہوئے مزید تحقیقات کی جائیں۔ جو بھی مجرم ہے اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔شبیر گجر کی معاون وکیل کاشفہ نیاز نے رپورٹ پراعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ رپورٹ پولیس نے تیار کی جو پنجاب حکومت کے ساتھ ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کے استفسار پر شبیر گجر نے بتایا کہ الیکشن عمل ٹھیک ہوا، میرے ساتھ زیادتی ہوئی، آراونے ہمیں ریلیف دیا، آپ سے بھی ریلیف کی استدعا ہے۔ دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن نے پی پی 167 لاہور بدامنی کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔#/s#