کراچی (این این آئی)بھارتی ڈاکٹر پاکستان کے صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والی لڑکی افشین گل کے لیے مسیحا بن گیا۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق سندھ سے تعلق رکھنے والی افشین گل سات بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی ہے
، 13 سالہ افشین گل دنیا کی نایاب ترین بیماریوں میں سے ایکatlantoaxial rotatory dislocation میں مبتلا تھی۔طبی ماہرین کا خیال ہے کہ یہ دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہو سکتا ہے۔افشین کی گردن 90 ڈگری پر گھومی ہوئی تھی، ایسا حادثہ افشین کے ساتھ تب پیش آیا جب وہ 10 ماہ کی تھی اور اس کی بڑی بہن نے اسے گود میں لیا ہوا تھا کہ اچانک گرنے کی وجہ سے افشین کی گردن مڑ کر 90 ڈگری تک گھوم گئی۔ اگرچہ افشین کے والدین نے پاکستان میں طبی مدد طلب کی لیکن اس کی حالت مزید بگڑتی گئی۔افشین کی والدہ جمیلہ بی بی کے مطابق حادثے کے بعد افشین نارمل بچوں کی طرح زندگی بسر نہیں کر رہی تھی اور اسے ہر کام کے لیے دشواری کا سامنا تھا، اس کے علاوہ افشین دماغی فالج کا بھی شکار ہے۔تاہم پڑوسی ملک بھارت سے تعلق رکھنے والے ریڑھ کی ہڈی کی پیچیدہ سرجریوں کے ماہر ڈاکٹر راج گوپالن نے افشین گل کا مفت آپریشن کر کے اس کی زندگی ہی بدل ڈالی، آپریشن کے 4 ماہ بعد افشین کی گردن میں بہتری آگئی اور اس کا اسکائپ کے ذریعے ہفتہ وار چیک اپ بھی ہوتا ہے۔