ریاض(این این آئی)صدارتِ عامہ برائیالحرمین الشریفین نے عازمینِ حج وعمرہ اور عام زائرین کی رہ نمائی کے لیے اپنے مترجِمین کی تعداد میں اضافہ کردیا ہے اور اب اس کے مترجمین شرعی مسائل کے جوابات دینے کے لیے 24 گھنٹے موجودہوں گے۔
میڈیارپورٹس میں بتایاگیاکہ صدارتِ عامہ کے شعبہ دعوت وارشاد اور زبان وترجمہ کے مطابق مختلف زبانوں کے 14 نئے مترجمین کا اضافہ کیا گیا ہے اوران کے تقرر کے بعد اب مترجمین کی کل تعداد 27 ہوگئی ہے۔وہ زائرین حرم کومختلف زبانوں میں ترجمے کے لیے دستیاب ہوں گے۔اس وقت صدارتِ عامہ کے تحت انگریزی، ترکی، اردو، فارسی، فرانسیسی، ہسپانوی، مالے، بنگلہ، انڈونیشی، تامل، پشتو اور ہاسا جیسی زبانوں میں مترجمین خدمات انجام دے رہے ہیں۔عربی زبان کے علاوہ دنیا کی چودہ زبانوں میں شرعی مسائل ومواد کا ترجمہ پیش کیا جارہا ہے اوراب مترجمین عازمین حج وعمرہ کے علاوہ عام زائرین حرم کے سوالات کے جوابات دیں گے۔وہ صدارتِ عامہ کے پروگرام ہم آپ کی زبان میں آپ کی رہ نمائی کرتے ہیں کے ذریعے سوالوں کے جواب دیتے ہیں۔اس پروگرام میں مفت فون کی سہولت کے ذریعے سائلین اپنے شرعی مسائل کا جواب حاصل کرسکتے ہیں۔اس کے علاوہ روبوٹ کے ذریعے بھی ان کی رہ نمائی کی جائے گی۔