لاہور( این این آئی) سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں اگلا مہینہ عید کے بعد ہنگامہ خیز ہوگا ۔ پٹرول اور بجلی پر آئی ایم ایف کے دبائو پر سبسڈی ختم کرنے سے حکومت اپنی سیاسی قبر کھودے گی ۔ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان روس سے تیس فیصد سستی گیس ، پٹرول اورگندم لینے جارہا تھا،اس اقدام سے ملک میں عوام کو بڑا ریلیف ملتا اورمہنگائی میںکمی آتی ۔ انہوں نے کہاکہ سامراجی سازش کے تحت عوام کو سستی گیس،پٹرول اورگندم سے محروم کر دیا گیا ۔ پٹرول پر سبسڈی ختم کرنے سے حکومت مخالف تحریک کو زبردست ایندھن فراہم ہوگا جو حکومت کو جلد ختم کر دے گی ۔ انہوں نے کہاکہ مئی کا مہینہ سیاست میں ہنگامہ خیز ہوگا ، استعفے لیے بھی جا سکتے ہیں اور دئیے بھی جا سکتے ہیں ۔ملک کے مسائل کا واحد حل صرف انتخابا ت رہ گیا ہے جسے جتنی جلدی مکمل کر لیا جائے اتنا ہی ملک کے لئے بہتر ہوگا۔