کراچی(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کراچی میں بڑے اور تاریخ ساز جلسے کا اعلان کردیا گیا ہے۔اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پی ٹی آئی نے اپنے آفیشل اکائونٹ سے ایک پیغام بھی جاری کیا ہے
۔اس پیغام میں بتایا گیا ہے اتوارکے دن 17 تاریخ کو مزار قائد پر پی ٹی آئی کا تاریخ ساز جلسہ ہوگا۔اس جلسے سے متعلق سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی اپنے کپتان کے ساتھ کھڑا ہے، یہ ایک تاریخ ساز جلسہ ہوگا۔دوسری جانب رہنما پی ٹی آئی علی زیدی اور اسدعمر نے بھی اپنے پیغام میں کراچی میں ہونے والے جلسے کے متعلق واضح کیا ہے۔سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں سابق وفاقی وزرا اور پی ٹی آئی رہنما اسد عمر اور علی زیدی نے کہا کہ کراچی والوں تیار ہوجائو، خان آرہا ہے، انشااللہ پاکستان دیکھے گا کراچی اپنے لیڈر عمران خان کے ساتھ ایک خوددار خودمختار پاکستان کے لئے کھڑا ہے۔علی زیدی نے کہاکہ عمران خان17اپریل کو کراچی آرہے ہیں، پی ٹی آئی جلسہ مزارِ قائد کے باغِ جناح میں ہوگا جہاں سابق وزیراعظم تاریخی جلسے سے خطاب کریں گے۔