لاہور (این این آئی) عدالت نے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی رمضان شوگر ملز ریفرنس میں بریت کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 20 دسمبر کوجواب طلب کر لیا ۔احتساب عدالت کے جج نے حمزہ شہباز کی بریت کی درخواست پر سماعت کی۔
حمزہ شہباز کی طرف سے رائو اورنگزیب ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ رمضان شوگر ملز کیلئے سوریج نالا تعمیر کروانے کا الزام بے بنیاد ہے، سوریج نالے رمضان شوگر ملز کا ملکیتی نہیں بلکہ عوامی مفاد کیلئے چنیوٹ کے علاقہ میں نالہ تعمیر کیا گیا جبکہ سیوریج نالے کی تعمیر کی منظوری پنجاب حکومت نے دی تھی درخواست میں۔حمزہ شہباز نالے کی تعمیر کے وقت اقتدار میں نہیں تھے نیب کے ترمیمی آرڈیننس اور اب تک قلمبند کئے گئے گواہوں کے بیانات کے تحت جرم ثابت نہیں ہوتااور حمزہ شہباز کو محض رمضان شوگر ملز کا سی ای او ہونے کی وجہ سے ملزم بنایا گیا۔رمضان شوگر ملز ریفرنس کے تمام گواہوں کے بیانات مکمل کرنے کے باوجود الزامات ثابت نہیں کر سکتے۔عدالت سے استدعا ہے کہ حمزہ شہباز کو رمضان شوگر ریفرنس سے بری کیا جائے۔