کراچی(این این آئی)سندھ ہائیکورٹ نے پیپلز پارٹی رہنما سردار خان چانڈیو، برہان خان چانڈیو اور دیگر کیخلاف نیب انکوائری سے متعلق درخواست ضمانت سننے سے معذرت کرلی۔منگل کو سندھ ہائی کورٹ میں جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے
پیپلز پارٹی رہنما سردار خان چانڈیو، برہان خان چانڈیو اور دیگر کیخلاف نیب انکوائری سے متعلق درخواست ضمانت پرسماعت کی۔سندھ ہائیکورٹ نے درخواست ضمانت پر سماعت سے معذرت ظاہر کردی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے نیب ترمیمی آرڈیننس آنے کے بعد تمام درخواست ضمانت کی سماعت اب احتساب عدالت میں ہوگی۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے آپ کو 10 دن کی عبوری ضمانت دیتے ہیں احتساب عدالت سکھر میں پیش ہوں۔ عدالت نے سردار خان چانڈیو، برہان خان چانڈیو اور دیگر کی دس دن کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے ملزمان کو ٹرائل کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دیدیا۔ نیب کے مطابق ملزمان پر آئل مینوفیکچرنگ کمپنی کو سرکاری زمین لیز پر دینے سے متعلق نیب تحقیقات جاری ہے۔ ملزمان نے سرکاری زمین لیز پر دے کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔