اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہاہے کہ جب سے وزیر اعظم نے رحمتہ اللعالمین اتھارٹی کے قیام کا اعلان کیا ہے مسلم ممالک سے زبردست تحسین کی جارہی ہے، اس عشرہ سیرت رسول صلی اللہ علیہ وآلیہ وسلم پر الگ الگ
عنوانات سے سیمینار ز ہوں گے، لاہور میں چرچ میں سیرت طیبہ کانفرنس کا انعقاد کیا جائیگا ۔پیر کو وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی حافظ طاہر اشرفی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عشرہ سیرت طیبہ کیلئے اتھارٹی کے قیام کا اعلان کل وزیر اعظم عمران خان نے کیا ہے سیرت اتھارٹی کا قیام کا مقصد دنیا کے سامنے اسلام کی حقیقی تصویر پیش کرنے کی ذمہ داری ہے ،اگلا جمعہ اخلاق حسنہ اور خواتین کے حقوق سیرت طیبہ کی روشنی میں کے عنوان سے منایا جائے گا۔طاہر اشرفی نے کہا کہ بدھ کو اسلام آباد میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے بڑا سیمینار کررہے ہیں ،عشرہ سیرت رسول کی جتنی بھی تقریبات ہوں گے ہر ایک کاعنوان الگ ہوگا ۔وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ جمعہ کو لاہور میں مسیحیوں کی عبادت گاہ میں سیرت سیمینار کا انعقاد ہورہا ہے ،پریس کانفرنس سے قبل حافظ طاہر محمود اشرفی اور علمائے کرام کی طرف سے محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔