اسلام آباد (این این آئی)صفر المظر 1443 ہجری کا چاند نظرنہیں آیا یکم صفر، 9 ستمبر بروز جمعرات کو ہو گی۔ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی ،پاکستان، مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد کے اعلان کے مطابق وزارت نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق صفر المظفر 1443 ہجری کے چاند کی رویت کیلئے اسلام آباد سمیت چاروں صوبائی دارالخلافوں میں
زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس 29محرم الحرام بروز منگل بعد نماز عصر بیک وقت منعقد ہوئے۔ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، اسلام آباد میں منعقد ہونے والی زونل کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی جبکہ دیگر مرکزی رویت ہلال کمیٹی ممبران نے اپنے اپنے آبائی علاقوں کی نزدیکی زونل رویت ہلال کمیٹیوں میں شرکت کی۔ وزارتِ مذہبی امور میں منعقدہ رویت ہلال کمیٹی میں دیگر اراکین کے ہمراہ فنی معاونت کیلئے وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی ،محکمہ موسمیات اور سپارکو کے نمائندے بھی شریک تھے۔ ملک بھر میں بیشتر مقامات پر مطلع ابر آلود تھا جبکہ کچھ مقامات پر مطلع صاف بھی تھا۔ تاہم ملک کے کسی بھی حصے سے چاند کی رویت سے متعلق کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔لہذا چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے اتفاق رائے سے یہ اعلان کیا کہ یکم صفر 1443 ہجری 09 ستمبر، 2021 بروز جمعرات کو ہو گی۔