اسلام آباد (این این آئی)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے حکومت کے مہنگائی کے اعداد وشمار کو مشکوک قرار دے دیا۔ اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ
ضروری اشیائے خورونوش جیسے آٹا، چینی، گھی اور دیگر کی قیمتوں میں اضافا کیا گیا، بجلی، پیٹرول اور گیس پر آسمان چھونے والے ٹیکس لگائے گئے۔ انہوںنے کہاکہ اب پی ٹی آئی حکومت یہ دعویٰ کیسے کر سکتی ہے کہ جولائی میں مہنگائی 8.4 فیصد تک کم ہو گئی ہے؟ حکومت قوم کو گمراہ کرنے کے لیے مشکوک اعداد و شمار پیش کر رہی ہے، ایک ماہ میں پیٹرول کی قیمتوں میں 3 بار اضافہ کیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ تباہی سرکار کے اقتدار میں آنے سے پہلے پیٹرول 88 روپے لیٹر تھا جو اب 120 روپے لیٹر ہو چکا ہے، ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 12.20 رہی۔ انہوںنے کہاکہ جولائی میں بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں 15 سے 23 فیصد اضافہ ہوا،گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اس حکومت نے غریبوں کے لئے یوٹیلٹی اسٹورز کے دروازے بھی بند کر دئے ہیں، یہ کس منہ سے کہتے ہیں مہنگائی میں کمی ہوئی ہے؟