اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے اور ابھی تک بعض شہادتوں کی تصدیق کے باعث چاند کی رویت کا اعلان نہیں کیا جا سکا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پشاور پسنی سے چاند کی رویت کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں جن کی جانچ کی جا رہی ہے اس وجہ سے چاند کے حوالے سے تاخیر ہو رہی ہے۔ پسنی ڈی سی آفس میں اب تک ایک آدمی پہنچا ہے جس نے کہا ہے کہ اس نے خود براہ راست چاند نہیں دیکھا ہے بلکہ اس کے رشتہ داروں نے دیکھا ہے جس پر اس کی گواہی مشکوک
قرار دے دی گئی ہے، مفتی شہاب الدین کی جانب سے گواہوں کی شہادتوں کی تصدیق بھی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کی جا رہی ہے، جیو ٹی وی کے مطابق پشاور میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جہاں پر اب تک چاند نظر آنے کی سات شہادتیں موصول ہو چکی ہیں ان شہادتوں کو پرکھنے کا عمل جاری ہے جس کے بعد مرکزی رویت کمیٹی کو ان گواہیوں کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔ پشاور کی زونل کمیٹی کے ذمہ داران کا کہناہے کہ پاکستان میں عید کا چاند نظر آنے کے 80 فیصد امکانات ہیں۔