اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )سعودی عرب کی حکومت نے عالمی وبا کورونا کے پھیلاؤ سے بچنے کیلئے رواں سال حج کی مشروط اجازت دے دی۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت حج کے ترجمان نے کہا ہے کہ ماہرین صحت صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں، کورونا کے پھیلاؤ سے
بچنے کیلئے رواں سال حج کی مشروط اجازت دی جا رہی ہے۔نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ حفظان صحت کو یقینی بنانےکے لیے تمام اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جب کہ حج کے آپریشنل پلان کی تفصیل بعد میں بتائی جائے گی۔خیال رہے کہ دو ماہ قبل سعودی عرب نے واضح کیا تھا کہ عازمین حج کے لیے کورونا ویکسین لازمی قرار دی جائے گی۔خلیج کے مؤقر انگریزی اخبار عرب نیوز نے عربی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا تھا کہ سعودی عرب کے وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں حکام کو حج سیزن سے پہلے صحت کے شعبے میں مناسب افرادی قوت تیار کرنے کی ضرورت ہے۔سعودی عرب کے وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا تھا کہ ان تیاریوں کی بنیاد پر ان لوگوں کے لیے کورونا ویکسین لگوانا لازمی قرار دیا جائے جو حج کرنا چاہتے ہیں۔