لاہور(این این آئی) پنجاب میں 20سال سروس والے کرپٹ،نااہل ملازمین کوجبری ریٹائرکرنے کاہوم ورک شروع کردیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے پنجاب حکومت نے صوبائی محکموں کو مراسلہ بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 10روزمیں کرپٹ افسروں کی فہرستیں بھجوائی جائیں
۔ذرائع کے مطابق ان افسران کے خلاف پنجاب سول سرونٹس ڈائریکٹری ریٹائرمنٹ سروس رولز 2021 کے تحت کارروائی ہوگی۔ایسے افسران کیخلاف کارروائی ہوگی جن کی سالانہ خفیہ کارکردگی رپورٹ مسلسل 3بار اوسط یاخراب لکھی گئی ہو، محکمانہ ترقی کمیٹی نے مسلسل دو بار اگلے گریڈ میں ترقی کا اہل قرار نہ دیا ہو،کرپشن کے الزامات ثابت ہوچکے ہوں،کرپشن کی رقم بھی جمع کرادی ہو اور قومی احتساب بیورو سمیت دیگرتحقیقاتی اداروں کے ساتھ پلی بارگین کیاہو۔ذرائع کے مطابق افسروں و ملازمین کوجبری ریٹائر کرنے کیلئے صوبائی سطح پر 2 بورڈز قائم کردئیے گئے ہیں، بورڈ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ارم بخاری کی سربراہی میں قائم کیا گیا ہے۔بورڈ گریڈ 18 تک کے آفیسر کے خلاف کارروائی کرے گا، محکمہ صحت، تعلیم کے گریڈ 19 تک کے آفیسرزکیخلاف کارروائی کااختیاربھی ایڈیشنل چیف سیکرٹری کوسونپ دیاگیا ہے۔چیف سیکرٹری پنجاب کی سربراہی میں قائم بورڈ گریڈ 19 اور اس سے اوپر کے افسروں کو جبری ریٹائرڈ کرنے کی منظوری دے گا، جبری برطرفی کا نوٹیفکیشن متعلقہ مجاز افسر جاری کرے گا۔