کراچی(این این آئی) اپنے خوابوں اور سیاسی پیش گوئیوں کے حوالے سے مشہور پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے کہاہے کہ 2021خطرناک سال ہے اور عمران خان اچانک اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کریں گے۔منگل کو پیپلز پارٹی رہنما منظور وسان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق نیب انکوائری پرسندھ ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔سندھ ہائی کورٹ کے
باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے منظور وسان نے کہاکہ پی ٹی آئی والے غلط فہمی کا شکار ہو کر کراچی میں سیٹ ہار گئے، دوبارہ الیکشن کرایا جائے ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ 1970 میں پیپلز پارٹی نے 8 سے 15 سیٹیں جیتی تھیں، 1988 الیکشن میں بھی پی پی نے ایم کیو ایم سے مقابلہ کیا تھا۔ اس وقت بھی ایم کیو ایم کا اپنا کوئی اتنا ووٹ نہیں تھا وہ تو دہشت کے زور پر ووٹ حاصل کرتی تھی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو اگنور کیا جا رہا ہے،پی پی میں سندھی، اردو ،پٹھان تمام زبانیں بولنے والے لوگ ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو بھی غلط فہمی تھی کہ ان کی پوزیشن ہے، ان کی جیت ہے۔انہوں نے کہاکہ عوام کا عمران خان پر اعتماد ختم ہو چکا، میں نے پہلے کہا تھا کہ عمران خان کو لانے والے بھی پریشان ہیں اور عمران خان بھی پریشان ہے۔انہوں نے کہاکہ 2021خطرناک سال ہے، عمران خان اچانک اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کریں گے، 2023 کے الیکشن میں پیپلز پارٹی اور(ن)لیگ کا مقابلہ ہوگا۔منظور وسان نے کہاکہ پیپلز پارٹی کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔ دوبارہ الیکشن کرایا جائے ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔قبل ازیںسندھ ہائیکورٹ نے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما منظور وسان کی ضمانت میں 17 جون تک توسیع کردی ہے۔دوران سماعت نیب پراسکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ نیب ہیڈکوارٹر نے انکوائری رپورٹ پر کچھ اعتراضات لگائے تھے، اعتراضات دور کرکے دوبارہ معاملہ نیب ہیڈ کواٹر ارسال کیا تھا۔ پراسیکیوٹر نے عدالت سے جواب آنے تک کی مہلت طلب کرلی۔