اسلام آباد (این این آئی) سول ایوی ایشن میں پائلٹ ہی جعلی نہیں جی ایم سیکیورٹی بھی جعلی نکل آیا جس پر سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کا حکم معطل کر کے سول ایوی ایشن کی اپیل سماعت کے لئے منظور کر لی ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے جعلی ڈگری پر ملازمت
مکمل کرنے والے جنرل مینیجر سیکیورٹی کو پنشن جاری کرنے کا حکم دیا تاہم سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کا حکم معطل کر کے سول ایوی ایشن کی اپیل سماعت کے لئے منظور کر لی ۔ چیف جسٹس نے کہاکہ سول ایوی ایشن انتہائی بد حال محکمہ ہے، جعلی ڈگریوں پر پائلٹ جہاز چلاتے رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جعلی ڈگری پر لوگ سیکورٹی جیسے حساس شعبے کی اہم ترین نشست پر نوکری پوری کر گئے، اسی لئے ائیر پورٹس پر سمگلنگ آسانی سے ہو رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ائر پورٹس کے سی سی ٹی وی کیمرے تک کام نہیں کرتے۔سپریم کورٹ نے سول ایوی ایشن کی اپیل باقاعدہ سماعت کے لئے منظور کرلی ،جی ایم سیکیورٹی ندیم زبیری کو پنشن دئیے جانے کا ہائی کورٹ کا حکم معطل کر دیا ۔وکیل سول ایوی ایشن خالد صدیقی نے کہاکہ جی ایم ندیم زبیری نے نہ صرف ڈگری جعلی جمع کروائی بلکہ کراچی یونیورسٹی کا تصدیقی لیٹر بھی جعلی بنوایا۔ وکیل نے استدعا کی کہ ہائی کورٹ کا فیصلہ حقائق کے منافی ہے کالعدم کیا جائے