کراچی (این این آئی)تحفظ عزاداری کونسل پاکستان کے مرکزی چیئرمین آغا رحیم جعفری کی قیادت میں تحفظ عزاداری کونسل پاکستان کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں 19 اور 21 رمضان المبارک کے جلوسوں اور مجالس کے حوالے سے سیکیورٹی اور کرونا ایس او پیز پر تبادلہ خیال کیا گیا،اجلاس میں مرکزی جنرل سیکرٹری سید صفدر عباس زیدی، مرکزی ترجمان آذان علی جعفری،
اصغر عبّاس،سعادت زیدی،خورشید عالم ڈار، صوبائی جنرل سیکرٹری سلمان علی لغاری،کراچی ڈویژن کے صدر شاہ رخ صفدر سمیت دیگر اہم عہدیداروں نے شرکت کی۔اجلاس میں مشترکہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں یومِ علی علیہ السلام کے جلوس نکالے جائیں گے اور ملک بھر میں مجالس بھی روایتی انداز میں منعقد کی جائیں گی، جلوسوں اور مجالس میں کرونا وائرس سے بچنے کے لیے حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے ایس او پیز پر مکمل پابندی کے ساتھ عمل درآمد کروایا جائے گا، ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے کے لیے ملک بھر کی تمام شیعہ تنظیموں کے کارکنوں، اسکاؤٹ کے رضاکاروں اور امام بارگاہوں و جلوسوں کے بانیان سے مدد لی جائے گی۔ اجلاس کے بعد مرکزی چیئرمین تحفظ عزاداری کونسل پاکستان آغا رحیم جعفری کا میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ گفتگو میں کہنا تھا کہ ہم وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملک بھر میں یوم علی کے جلوسوں کی سیکیورٹی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے اور کوئٹہ میں جلوسوں کے سیکیورٹی کے انتظامات پولیس، لیویز اور ایف سی کے حوالے کیے جائیں۔