کراچی(این این آئی)سندھ میں زکواۃ کے فنڈز میں مبینہ میگا کرپشن، سیاسی سفارش پر محکمہ زکواۃ سندھ کے ذریعے مستحقین کی بائیو میٹرک تصدیق کا عمل رکوا دیا گیا۔ صوبائی وزیرسہیل سیال نے تردید کردی، کہاکہ بغیر ثبوت کسی پر الزام نہ لگائے جائیں، کسی کی بھی سفارش پر زکو اۃ تقسیم نہیں کررہے۔سندھ میں زکواۃ کے فنڈز میں بھی مبینہ کرپشن سامنے آگئی، ذرائع کے مطابق
طاقتورمافیا نے مستحقین کی بائیو میٹرک تصدیق کا عمل رکوا دیا۔سندھ میں ایک لاکھ مستحقین زکواۃ گزارہ الائونس کے لیے رجسٹرڈ ہیں۔ وزیراعلی مرادعلی شاہ نے بائیو میٹرک تصدیق کے لئے پچاس لاکھ روپے کی خصوصی گرانٹ جاری کردی تھی۔ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے بااثر رہنمائوں کی مداخلت پر مستحقین زکو اۃکی بائیو میٹرک تصدیق کا عمل ایک سال سے روکا ہوا ہے۔مستحقین کی بائیومیٹرک تصدیق ہوجاتی تو جعلسازی زکو الائونس وصول کرنے والے پکڑے جاتے۔صوبائی وزیرسہیل سیال نے الزامات کی تردیدکردی۔ کہا کہ بغیر ثبوت کسی پر الزامات نہ لگائے جائیں کسی کی بھی سفارش پر زکواۃ تقسیم نہیں کر رہے۔انہوں نے کہاکہ نجی بینک سے معاہدہ ہوا ہے، مستحقین کو بائیومیٹرک کارڈ ملے گا۔ مستحقین براہ راست رقم لے سکیں گے، تھرڈپارٹی کی مداخلت نہیں ہوگی۔انہوں نے کہاکہ مستحقین زکواۃ کو سالانہ 14 ہزار روپے گزارہ الائونس کی مد میں دئیے جاتے ہیں۔سندھ میں ایک سال سے مستحقین زکواۃ کو گزارہ الائونس کی مد میں فنڈز کا اجرا نہیں ہوا۔رواں مالی سال میں محکمہ زکواۃ کے پاس مستحقین کے ایک ارب روپے کے فنڈز موجود ہیں۔