اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کوجواب دیتے ہوئے کہاہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا نیا شگوفہ چھوڑ کر عمران صاحب الیکشن چوری کانیا منصوبہ تیار کررہے ہیں ،آپ جیسے ووٹ چور کے مسلط ہوتے ہوئے الیکشن اصلاحات نہیں ہو سکتیں،ڈسکہ میں الیکشن
کمیشن کا عملہ چوری کرنے والے الیکشن اصلاحات پہ لیکچر نہ دیں ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ جہاں ایک حکم پر آرٹی ایس بیٹھ جاتاہے، وہاں الیکڑانک مشین بے چاری کیا کرے گی؟ ،آرٹی ایس بٹھا کر ووٹ چوری سے قوم پر مسلط ہونے والے الیکڑانک ووٹنگ مشین کانام کس منہ سے لے رہے ہیں؟،الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا تجربہ پوری دنیا میں ناکام ہوچکا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے جو سٹڈی کرائی تھی، اس میں بھی الیکڑانک ووٹنگ کے طریقے کو ناقابل عمل قرار دیاگیا تھا ۔ انہوںنے کہاکہ عمران صاحب الیکشن چوری کے آپ کے منصوبوں اور بدنیتی پر مبنی پروگرام کامیاب نہیں ہونے دیں گے،جدید ترین ٹیکنالوجی کے حامل ممالک میں بھی یہ تجربہ ناکام رہا ہے ،عمران صاحب یہ 2018 نہیں بلکہ 2021 ہے، عوام سے آپ کے جھوٹے وعدوں کی طرح اب آپ کا کوئی نیا الیکشن فراڈ نہیں چلے گا ،عمران صاحب کو بیرون ملک پاکستانیوں کے ووٹ کی نہیں، بلکہ ان کے چندوں سے ہونے والی آمدن کی زیادہ فکر ہے ،پاکستانی عوام کے بعد اب بیرون ملک پاکستانیوں کو نیا سبز باغ دکھایاجارہا ہے۔