اسلام آباد/کوئٹہ/کراچی(آن لائن )جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما اور ممتاز پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ حزب اقتدار ’’سیاسی باپ‘‘ بنانے اور حزب اختلاف’’ کرپٹ باپ ‘‘ بچا نے میں مصروف و مشغول ہیں۔ وہ جمعہ کو اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ اس موقع پرمولانا رحمت اللہ، نجیب اللہ ، عبدالحئی ، محمد سلیم، سمیع اللہ وغیرہ موجودتھے
۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ’’آزادی مارچ ‘‘ کے ذریعہ بیماری کا ڈرامہ رچاکر ایک باپ کو’’لندن‘‘ پہنچا دیا گیاجبکہ رمضان المبارک کے بعد اسی طریقہ واردات کے انداز میں ’’بیٹی‘‘ کو بھی ’’باپ‘‘ کے پاس پہنچا نے کے ’’کنٹریکٹ‘‘ طے ہوچکا اس لیے دوسرے ’’باپ‘‘ سے جان چھڑانے کے لیے ہی ’’شوکاز‘‘ کاسہارا لیاگیاحالانکہ کل ہی پی ڈی ایم کے سربراہ نے اپنے بیان میں واضح طور پر کہہ دیا کہ دونوں بڑی سیاسی پارٹیاں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن استعفے دینے کے لیے تیارنہیں ، حافظ حسین احمد نے کہا کہ پھر لانگ مارچ سے استعفوںکو منسلک کرنا پیپلزپارٹی کو دیوار سے لگانے کی طے شدہ سازش نہیں تھی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو شوکاز اور چھوٹے میاں ’’برادر یوسف ‘‘ کی رہائی مسلم لیگ لندن کے بیانیہ کے بجائے مسلم لیگ پاکستان کے بیانیہ کو آگے بڑھانا اسی سازش کی کڑیاں لگتی ہیں کیونکہ بڑے میاں کے مکمل خاندان کی لندن روانگی کے بعد جیل یاترا سے واپس آنے والے برادر یوسف ہی ’’تخت مصر‘‘ کے وارث قرار پا سکتے ہیں اگر اسکرپٹ میں کوئی بڑی تبدیلی واقع نہ ہوئی تو پھر تبدیلی کے دعویدارکی تبدیلی کو روکا نہیں جا سکتا۔