کراچی (مانیٹرنگ + این این آئی) حلقہ این اے 249 کراچی میں غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کا سلسلہ جاری ہے،32 پولنگ اسٹیشنز سے آنے والے نتائج میں کالعدم تحریک نے تمام جماعتوں کو سرپرائز دے دیا ہے، ن لیگ کے امیدوار پہلے نمبر پر ہیں جبکہ کالعدم تحریک کے امیدوار تیسرے پر ہیں جبکہ تحریک انصاف چھٹے نمبر پر
چلی گئی ہے۔ اس وقت ن لیگ کے مفتاح اسماعیل 1409 ووٹ لے کر سب سے آگے ہیں۔جیو نیوز کے مطابق پیپلزپارٹی کے قادر خان مندوخیل 1277ووٹ لے کردوسرے نمبرپر، کالعدم تحریک کے نذیراحمد 1182 ووٹ لے کرتیسرے نمبرپر، پی ایس پی کے مصطفی کمال 934 ووٹ لے کر چوتھے نمبرپر، ایم کیوایم کے حافظ محمد مرسلین 863 ووٹ لے کرپانچویں نمبرپر اور تحریک انصاف کے امجد آفریدی 707 ووٹ لے کرچھٹے نمبرپر ہیں۔ واضح رہے کہ کراچی کے حلقہ این اے 249 میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے، اس حلقے میں تیس امیدوار مدمقابل ہیں، ن لیگ، پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور پی ایس پی میں زبردست مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے، حلقہ این اے 249 میں خواتین ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 37 ہزار 935 ہے جبکہ مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 1 ہزار 656 ہے۔حلقے کے 184 پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس جبکہ 92 پولنگ سٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا تھا۔پولنگ مقررہ وقت پر شروع ہوئی تاہم گرمی کی شدت اور رمضان المبارک کے باعث ووٹنگ کا عمل سست روی کا شکار رہا۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ کراچی میں ضمنی انتخاب کے دوران پی ٹی آئی کے 5 ارکانِ اسمبلی کی این اے 249 سے حلقہ بدری کے احکامات جاری کئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی کے اراکینِ اسمبلی فردوس شمیم نقوی، راجہ اظہر، سعید آفریدی، بلال غفار اور شاہ نواز جدون حلقے میں موجود تھے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے ان اراکینِ اسمبلی کی موجودگی اور الیکشن قوانین کی خلاف ورزی پر سخت نوٹس لیا گیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے پولیس حکام کو ان ارکانِ اسمبلی کو حلقہ بدر کرنے کے لیے خط لکھا گیا۔