کوئٹہ(این این آئی )بلوچستان حکومت اور پی ٹی آئی میں اختلافات شدت اختیار کر گئے ،پاکستان تحریک انصاف کے ارکان صوبائی اسمبلی کا اجلاس ،صوبائی حکومت سے علیحدگی پر غور شروع کردیا۔ پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق منگل کو پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر و صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمدرند کی صدارت میں انکی رہائشگاہ پر پی ٹی آئی کے
ارکان اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میںڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی سردار بابر موسیٰ خیل، صوبائی وزیر میر عمر خان جمالی ، ارکان اسمبلی میر نعمت اللہ زہری، میر نصیب اللہ مری نے شرکت کی۔ اجلاس میں بلوچستان حکومت کے روئیے پر غور غوض اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ذرائع کے مطابق فیصلہ سازی کے عمل میں پی ٹی آئی اراکین کو نظر انداز کرنے پر اظہار تشویش اور اس حوالے سے وزیر اعظم کو آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ارکان نے کہا کہ صوبائی کابینہ میں پی ٹی آئی کو عددی اکثریت کی بجائے اقلیتی تناسب سے شامل کیا گیاذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں صوبائی حکومت سے علیحدگی پر غوربھی کیا گیا ۔