لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنا دورہ کراچی منسوخ کردیا۔ جس کی وجہ کراچی میں کرونا وائرس کی شدت میں اضافہ بتایا گیا ہے۔ مریم نواز نے کراچی
کے ایک صوبائی حلقہ میں 29 اپریل کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں اپنی جماعت کے امیدوار کی انتخابی مہم میں چلانے کے لئے اور کراچی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے کارکنوں سے ملاقاتوں کے لئے ہفتے کے روز لاہور سے کراچی روانہ ہونا تھا جبکہ مختلف سیاسی حلقوں نے مریم نواز کے دورہ کراچی کی منسوخی کی وجہ مریم نواز کے چچا شہباز شریف کی جیل سے حالیہ رہائی بتائی جاتی ہے جبکہ مریم نواز کو ان کے والد نواز شریف نے ایسے حالات میں دورہ کراچی سے منع کردیا تھا اور شہباز شریف کو ہدایات جاری کیں تھیں کہ وہ پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ کراچی کا دورہ کریں اور کراچی میں (ن) لیگی کارکنوں کے ساتھ ملاقاتیں کریں ۔ مزید برآں ہدایات میں کہا گیا ہے کہ وہ کراچی میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں اپنی پارٹی کے امیدوار کی حمایت کیلئے کارکنوں کی ڈیوٹیاں لگائیں۔