کوئٹہ (آن لائن )محکمہ انسداد دہشت گردی بلوچستان نے کہا ہے کہ افغانستان سے دو خود کش بمبار بلوچستان میں داخل ہوئے ہیں، ایک بمبار نے مقامی ہوٹل کو نشانہ بنایا اور دوسرا موجود ہے، کالعدم تنظیم نے 6افراد پر مشتمل اغواء برائے تاوان کا گروپ بھی تشکیل دیا ہے جو اہم شخصیات
اور تاجروں اور ان کے اہل خانہ کو اغواء کرسکتے ہیں ،کسی بھی ممکنہ کارروائی کے باعث صوبے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔محکمہ انسداد دہشت گردی ( سی ٹی ڈی ) بلوچستان کی جانب سے جاری مراسلہ کے مطابق بلوچستان میں نیا تھریٹ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ جاری الرٹ کے مطابق ہوٹل دھماکے میں خودکش بمبار افغان شہری تھا۔ افغانستان سے 2 خود کش بمبار بلوچستان میں داخل ہوئے۔سی ٹی ڈی کا مزید کہنا تھا کہ دو میں سے ایک خود کش بمبار نے ہوٹل کو نشانہ بنایا، جب کہ ایک بمبار بلوچستان میں ابھی بھی موجود ہے۔کالعدم تنظیم نے چھ افراد پر مشتمل اغوا برائے تاوان کا گروپ بھی تشکیل دیا ہے۔ اغوا کاروں کا گروپ اہم شخصیات اور تاجروں اور ان کے اہل خانہ کو اغوا کرسکتے ہیں۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خود کش بمبار اور اغوا کاروں کے گروپ کی کسی بھی ممکنہ کارروائی کے باعث صوبے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔