اسلام آباد (مانیٹرنگ +این این آئی) گزشتہ روز کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے کے حوالے سے چین کا رد عمل بھی سامنے آگیا۔چینی سفارت خانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کوئٹہ میں دہشت گرد حملے کی مذمت اور حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔پاکستان میں موجود چینی سفارتخانے کی جانب
سے زخمی ہونے والوں سے اظہار ہمدردی کیا گیا، سفارت خانے کی جانب سے اس بات کی بھی وضاحت کی گئی کہ جب دھماکہ ہوا اس وقت چینی وفد ہوٹل میں موجود نہیں تھا۔چینی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان میں غیرملکی سفیروں اور سفارتخانوں نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کی۔ اپنے بیان میں ڈنمارک کی سفیر لس روزن ہولم اور آذربائیجانی سفیر علی علیزادہ نے دھماکے کی مذمت کی۔ ڈینش سفیر نے کہاکہ کوئٹہ دھماکے کے متاثرین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں۔آذربائیجانی سفیر علی علیزادہ نے کہاکہ کوئٹہ دھماکے میں زخمی افراد کی جلدصحتیابی کے لیے دعاگو ہیں،جرمن سفیر برنہارڈ شلاگ ہیک نے بھی کوئٹہ دھماکے کی مذمت کی۔جرمن سفیر برنہارڈ شلاگ ہیک نے کوئٹہ دہشتگردی کے واقعہ پر شدید رنج اور غم کا اظہار کیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہاکہ ہماری ہمدردیاں گذشتہ رات کوئٹہ دھماکے سے متاثرہ افراد کے ساتھ ہیں۔ کرسچن ٹرنر نے کہاکہ برطانیہ اور پاکستان کا دہشت گردی کے خلاف عزم کم نہیں ہوگا،یورپی یونین،فرانس، بیلجیئم کے سفارتخانوں نے بھی دھماکے کی مذمت کی۔