کوئٹہ(مانیٹرنگ +این این آئی)کوئٹہ کے فائیوسٹار ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکے کے نتیجے میں 2افراد جاں بحق جبکہ 9زخمی ہوگئے،دھماکے میں اہم شخصیات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق کوئٹہ شہر کے وسط میں زرغون روڈپراتحاد چوک پر واقع شہر کے واحد فائیو اسٹار ہوٹل (سریناہوٹل)کی پارکنگ میں
بدھ کی شب زورداردھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 2افراد جاں بحق جبکہ 9زخمی ہوگئے۔دھماکے سے قریب کھڑی گاڑیوں میں آگ لگ گئی جبکہ ہوٹل کا خروج گیٹ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔نجی ٹی وی کے مطابق سرینا ہوٹل کے قریب دھماکے سے متعدد افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، دھماکے کا مقا م وہ جگہ بتائی جاتی ہے جہاں سے ہوٹل میں داخل ہونے والے ہر عام و خاص شخص کو واک تھرو گیٹ سے گزرنا پڑتا ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ سرینا ہوٹل میں ان دنوں ایک اہم ترین سفارتی شخصیت مقیم ہے جو دھماکے کے وقت ہوٹل میں موجود نہیں تھی قوی امکان ہے کہ دھماکے کا ہدف اہم شخصیت تھی جو کہ شہر میں ایک اعلیٰ سطح افطارو ڈنر میں مدعو تھی دھماکے کے بعد کوئٹہ شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔دھماکے کے فوری بعد ایف سی،پولیس اوردیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کوہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند کرکے نعشوں اورزخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔سول ہسپتال کوئٹہ میں منتقل کئے گئے 2زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جبکہ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرکے عملے کو ڈیوٹی پر طلب کرلیا گیا جس نے زخمیوں کو فوری ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔