اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )وفاق کی جانب کوکالعدم جماعت قرار دیے جانے کے بعد کے پی کے حکومت نے جماعت کے اثاثے منجمند کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ کے فیصلے کی روشنی میں خیبر پختونخوا حکومت نے بھی کالعدم جماعت کے اثاثے منجمد کر دیے۔جماعت کو فنڈز یا جائیدادیں دینے والی شخصیات پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔
خیبرپختونخوا حکومت نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن کے ذریعے احکامات جاری کیے ہیں اور متعلقہ محکموں کو ہدایات دی ہیں کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں فیصلے پر عملدرآمد کیا جائے۔دوسری جانب مذہبی جماعت کے احتجاج کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر راولپنڈی کے مختلف مقامات کو ایک بار پھر سیل کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ہیوی مشینری اور کنٹینرز فیض آباد کے مقام پر پہنچا دیئےگئے ہیں جب کہ ڈبل روڈ، شمس آباد سے آئی جے پی روڈ جانے والا لنک روڈ بھی بند کر دیا گیا ہے۔نجی ٹی وی اے آروائی ذرائع کے مطابق ممکنہ احتجاج کے پیش نظر مزید علاقے بھی سیل کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چاندی چوک اورسسکتھ روڈ پر بھی ہیوی مشینری پہنچادی گئی ہے۔رحمان آباد سے ملحقہ علاقوں کو بھی سیل کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فیض آباد انٹرچینج اور مری روڈ کو ٹریفک کے لیے بندکر دیا گیا ہے۔اسلام آباد جانےوالی اور راولپنڈی آنے والی مری روڈ بھی بندکر دی گئی ہے۔ ٹیکسلا، واہ اور دیگر شہروں سے راولپنڈی جانے والے راستوں پر بھی رکاوٹیں رکھی جارہی ہیں۔