کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی)معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی نے حکومت سے دانشمندی سے کام لینے کی اپیل کر دی۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ حکومت نے لاہور میں جو خونریزی کی اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چند افراد
نے پولیس پر جوحملے کیے وہ بھی یقینا غلط تھے ، انہوں نے حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہوش میں آئے اور دانشمندی سے کام لے۔دوسری جانب سابق چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مفتی منیب الرحمن نے لاہور میں شہدا واسیران ناموسِ رسالت سے اظہاریکجہتی کے لیے دی جانے والی پہیہ جام شٹرڈائون ہڑتال کے ملک بھر میں کامیاب بنانے پر تمام تاجر برادری ، وکلا عوام الناس اور ٹرانسپورٹر زکا شکریہ اداکیاہے،جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تمام طبقات کے افراد نے پرامن ہڑتال میں حصہ لے کر رسول اللہ سے وفاداری کا حق اداکیا اور اپنی دینی ذمے داری کو پورا کیا ہے۔دریں اثنا لاہور واقعے کیخلاف کراچی اور سندھ بار نے پیرکو عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔تفصیلات کے مطابق پیرکولاہور واقعہ کے خلاف سندھ بارکی جانب سے ہڑتال کی گئی ۔ وائس چیئرمین سندھ بار نے کہا کہ سندھ بار کانسل لاہور واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ اسلام اور پاکستان کا آئین کسی پر ظلم کی اجازت نہیں
دیتا۔انہوں نے کہا کہ حکومت فوری مظاہرین سے بات چیت کرکے مسئلے کا حل نکالے۔ دوسری جانب لاہور واقعے کے خلاف کراچی بار نے بھی یوم سیاہ منانے کا فیصلہ کرتے ہوئے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔کراچی بار جنرل سیکریٹری عامر نواز وڑائچ نے کہا کہ لاہور واقعے کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔
نهتے عوام سے ناموس رسالت کے بارے میں عہد شکنی کرکے حکومت نے لاہور میں جو خونریزی کی اسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے چند افراد نے پولیس پر جوحملے کئے وہ بھی یقیناً غلط تھے لیکن ان سے آج کی گئی سفاکی اور درندگی کا کوئی جواز پیدا نہیں ہوتا حکومت ہوش میں آئے اور دانشمندی سے کام لے
— Muhammad Taqi Usmani (@muftitaqiusmani) April 18, 2021