اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے حالات مشکل ہیں ، ملک پر قرضے ہیں،حکومت قانون کی بالادستی کے لیے تاریخی جنگ لڑ رہی ہے،پورے پاکستان میں کچن ٹرک کا جال بچھائیں گے، پشاور اور فیصل آباد میں پروگرام شروع ہوگیا ہے جس سے مستحق اور پسماندہ طبقہ مستفید ہوگا،جب ایک ریاست مستحق افراد کے گھر کھانا پہنچانے کی ذمہ داری لے گی
اور مستحق افراد دو وقت کی روٹی کھا سکیں گے تو اللہ کی برکت پاکستان پر نازل ہوگی،دوسرے شہروں سے مزدوری کے لیے آئے مزدوروں کے لیے مزید پناہ گاہ کھولیں گے۔اتوار کواحساس کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کو لاہور، پشاور اور فیصل آباد تک وسعت دینے کی ورچوئل افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں کچن ٹرک کا جال بچھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک مقصد کے تحت وجود میں آیا تاہم اس راستے پر نہیں چل سکا، آج ہم پر زیادہ قرضے ہیں اور عوام پر پیسہ خرچ کرنے کے لیے محدود وسائل ہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اس کے باوجود اللہ کا ہمیں حکم ہے کہ اس راستے پر چلیں تو یہ راستہ قانون کی بالا دستی اور انسانیت کا راستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ہماری کلیدی ذمہ داری ہے کہ معاشرے کے کمزور طبقے کی دیکھ بھال کو قبول کریں۔عمران خان نے صوبائی وزرائے اعلیٰ کو ’کوئی بھوکا نہ سوئے‘ کے پروگرام کے آغاز پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ابھی آپ کو اندازہ نہیں کہ یہ کتنا بڑا کام شروع کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ جب ایک ریاست مستحق افراد کے گھر کھانا پہنچانے کی ذمہ داری لے گی اور مستحق افراد دو وقت کی روٹی کھا سکیں گے تو اللہ کی برکت پاکستان پر نازل ہوگی کیونکہ یہ میرا ایمان ہے۔اس موقع پر سیلانی ٹرسٹ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آپ بڑے خوش قسمت لوگ ہیں جو کام آپ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے، جہاں کی عوام سب سے
زیادہ خیرات دیتے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے بتایا کہ شوکت خانم ہسپتال کی تعمیرات کے وقت عوام نے ثابت کردیا اور ان کے تعاون سے آج مریضوں کا مفت علاج ہورہا ہے۔انہوںنے کہاکہ پشاور اور کراچی میں بھی کینسر ہسپتال تعمیر ہورہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شوکت خانم ہسپتال 25 برس قبل فعال ہوا اور اب تک غریب مریضوں کے علاج پر 50 ارب روپے خرچ کرچکا ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ دوسرے شہروں سے مزدوری کے لیے آئے مزدوروں کے لیے مزید پناہ گاہ کھولیں گے۔انہوںنے کہاکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پہلی مرتبہ ہیلتھ انشورنس دے رہے ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ
اگلے مرحلے میں پورے ملک میں ہسپتالوں کا جال بچھائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں پہلی مرتبہ آبادی کو ہیلتھ کارڈ کوریج دے رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہسپتالوں میں معیار کے اعتبار سے مسابقت کا رحجان ہوگا کیونکہ ایک شہری جس کے باعث ہیلتھ کارڈ ہو گا کسی بھی دوسرے ہسپتال میں جا کر علاج کروائے گا۔ اس سے قبل وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی پالیسی ہے ملک میں کوئی شخص بھوکا نہ سوئے۔انہوں نے کہا کہ وزارت تخفیف غربت اور سماجی تحفظ پوری طرح پالیسی کو حقیقی روپ دینے کے لیے متحرک ہے۔انہوں نے کہا کہ
پورے پاکستان میں پناہ گاہیں کھولی جارہی ہیں، پرائیوٹ ٹرسٹ کے اشتراک کے ساتھ پورے ملک میں لنگر خانے کھول رہے ہیں اور تیسرے مرحلے میں ’فوڈ ٹرک‘ متعارف کرایا ہے تاکہ ان لوگوں تک پہنچ سکیں جو پناہ گاہوں اور لنگر خانے تک نہ پہنچ سکیں۔ثانیہ نشتر نے عطیات کی جمع کرنے اور انہیں خرچ کرنے کے نظام سے متعلق بتایا کہ عطیات کے معاملے میں شفافیت کے لیے غیرمعمولی اقدامات اٹھائے گئے اور ڈونرز کو ایک لاگ ان دیا گیا ہے جس کے تحت وہ دیکھ سکیں گے کہ ان کی دی گئی رقم کس
مد میں اور کہاں خرچ ہوئی ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے ایک ساتھ تین شہروں لاہور، پشاور اور فیصل آباد میں پروگرام ’احساس کوئی بھوکا نہ سوئے‘ کا افتتاح کیا۔تقریب میں دونوں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے پروگرام میں شرکت کی۔اس سے قبل سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ ’کوئی بھوکا نہ سوئے‘ پروگرام کا دائرہ کار پورے پاکستان تک پھیلایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں سحری اور افطاری مستحقین تک پہنچائی جائے گی۔سینیٹر نے کہا کہ مخیر حضرات کے لیے ایک ’احساس پورٹل‘ کا اجرا ہوگا۔ سر کاری حکام کے مطابق احساس کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کے
ذریعے ان مزدوروں ، دیہاڑی داروں اور کم اجرت ورکروں کو مفت کھانا تقسیم کیا جائے گاجو احساس پناہ گاہوں اور لنگر خانوں تک رسائی نہیں کرسکتے۔ ہر ٹرک مخصوص سروس پوائنٹس پر روزانہ 1500سے 2000افراد کو کھانا تقسیم کریگا،کھانا کی تیار ی اور فراہمی ٹرک کچن سے ہی ہوگی۔ وزیر اعظم نے احساس کے تحت 10مارچ 2021کو راولپنڈی اور اسلام آباد میں دیہاڑی داروں کودن میں دو بار مفت کھانے کے ڈبے فراہم کرنے کیلئے ٹرک کچن کے تصور سے کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کا
آغاز کیا تھاجس کے تحت 37827 افراد کو کھانا تقسیم کیا جاچکا ہے جس کو اب مزید تین اضلاع تک وسعت دی جارہی ہے،تین مزید اضلاع میں توسیع سے ان افراد میں کھانا تقسیم کیا جائیگا جنہیں احساس پناہ گاہوں اور لنگر خانوں تک رسائی حاصل نہیں ہے،احساس کوئی بھوکا نہ سوئے وزیر اعظم عمران خان کا سال 2021کا وژن ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے سال 2021کیلئے اس عزم کا اعادہ کرتے
ہوئے کہاتھا کہ یہ پروگرام اس بات کو یقینی بنائے گا کوئی شخص خالی پیٹ نہیں سوئیگا، مفت کھانے کی فراہمی سے غریب، مستحق، مزدور اور اجرت پر کام کرنے والوں کو مشکل سے کمائی جانے والی رقم اپنے بچوں اور گھرانوں کے کھانے پر استعمال کرنے میں مدد ملے گی۔صحت بخش کھانے کی فراہمی کیلئے احساس کوئی بھوکا نہ سوئے ٹرک کچن معیاری کھانا پکانے کے آلات سے لیس ہے،رواں سال کے آخر تک مرحلہ وار اس پروگرام کو مزید شہروں تک وسعت دی جائے گی۔