کراچی (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی بھی بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ ریکھا کی خوبصورتی کی دیوانی ہوگئیں۔سوشل میڈیا پر زیادہ متحرک رہنے والی پی پی رہنما شرمیلا فاروقی نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بالی ووڈ کی
لیجنڈری اداکارہ ریکھا کی دلکش تصویر شیئر کی ہے۔ٹوئٹر پر شیئر کی گئی تصویر میں ریکھا نے اپنا روایتی انداز اپنا ہوا ہے یعنی وہ خوبصورت بنارسی ساڑھی میں ملبوس ہیں۔تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ریکھا نے گجرا بھی لگایا ہوا ہے اور وہ کسی بات پر حیرانگی کا اظہار کررہی ہیں۔شرمیلا فاروقی نے ریکھا کی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ اس خاتون کی عْمر کیوں نہیں جھلکتی؟ یہ اس عْمر میں بھی کس قدر حسین ہیں۔پی پی رہنما کے ٹوئٹ پر ایک صارف نے لکھا کہ میں اس خاتون کو نہیں جانتا ہوں لیکن میرے اندازے سے ان کی عْمر 40 یا 45 سال ہے۔واضح رہے کہ بالی ووڈ فلم نگری میں اپنی اداکارانہ صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والی ریکھا اب تک 180سے زائد فلموں میں کئی لازوال کردار نبھا چکی ہیں۔