کراچی(این این آئی)کراچی میں ہفتہ کو سمندری ہوائیں بند ہونے سے شہر میں حبس کی شدت بڑھ گئی، جبکہ درجہ حرارت 44 ڈگری تک پہنچ گیا جبکہ، محکمہ موسمیات نے اتوار سے گرمی میں کمی کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے ہفتہ کو کراچی میں ہیٹ ویو کی ایڈوائزری جاری کی،
جس کے مطابق کراچی میں گرمی کی شدید لہر نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔ شہر قائد میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، 14 اپریل 1947 کو کراچی کا درجہ حرارت 44.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ دوپہر ایک بجے شہر کا درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا جو یکدم 2 ڈگری اوپر چلا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 15 سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جنوب مشرقی ہوائیں چل رہی تھیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 5 فیصد ریکارڈ کیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سمندری ہوائیں بند ہونے سے گرمی کی شدت میں اضافہ محسوس کیاگیا تاہم رطوبیت کم ہونے کی وجہ سے ہیٹ ویو زیادہ خطرناک نہیں تھا۔محکمہ موسمیات نے اتوار سے گرمی میں کمی کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ درجہ حرارت 37 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔دوسری جانب طبی ماہرین نے کہاکہ شہری بلاوجہ دھوپ میں نہ جائیں، انتہائی ضرورت کے تحت گھروں سے نکلتے وقت پانی اور گیلا کپڑا ساتھ رکھیں، وقفے وقفے سے پانی پیتے رہیں، سر اور چہرے کو ڈھک کر رکھیں، ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں۔