اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)گزشتہ شب کراچی کے علاقے شیر شاہ کے قریب آسمان سے کچھ بھاری چیزیں گرنے سے شہریوں میں خوف وہراس پیدا ہو گیاتھا تاہم اب یہ معمہ حل ہو گیا ، لوہے کے یہ ٹکڑے قریبی فیکٹری کابوائلر پھٹنے سے
آئے تھے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی کے علاقے پاک کالونی ، سائٹ ایریا اور میوہ شاہ قبرستان میں آسمان سے پراسرار طور پر بھاری چیزیں گریں جس سے تین گھروں کی چھتوں میں سوراخ ہو گئے جبکہ قبرستان میں قبروں کو بھی نقصان پہنچا ۔ عینی شاہدین کا کہناہے کہ بھاری اور آہنی چیزیں زمین میں دھنس گئی ۔ شہری اس حوالے سے کافی پریشان دکھائی دے رہے تھے تاہم اب پولیس نے معمہ حل کر لیاہے ، پولیس کا کہناہے کہ ہارون آباد میں فیکٹری کا گزشتہ روزبوائلر نصب کیا جارہا تھا جو کہ پھٹ گیا ، بوائلرکے کچھ حصے ہوا میں اڑ کر ان علاقوں میں آ گرے تاہم کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہواہے ۔پولیس کا کہناتھا کہ اس حوالے سے تفتیش جاری ہے ۔ خیال رہے کہ شہر قائد میں اکثر بوائلر پھٹنے کے واقعات رونما ہو تے ہیں جس میں کئی افراد جان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں ۔