اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )نجی ٹی وی پروگرام میں سینئر صحافی حامد میر نے کہا ہے وزیراعظم عمران خان نے حفیظ شیخ کو مہنگائی کا ذمہ دار ٹھہرا کر نکالا لیکن وہ پچھلے اڑھائی سال حفیظ شیخ اور اپنی معاشی ٹیم کی تعریفیں کرتے رہے ۔ تفصیلات کے مطابق سینئر اینکر پرسن نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم کی تقاریر اور ٹویٹس پر مبنی ایک رپورٹ چلائی جس میں
انکا کہنا تھا کہ ’’وزیراعظم عمران خان نے حفیظ شیخ کو مہنگائی کا ذمہ دار قرار دے کر وزارت خزانہ سے نکال دیا لیکن پچھلے اڑھائی سال میں انہوں نے حفیظ شیخ سمیت اپنی معاشی ٹیم کی کم از کم دس مرتبہ تعریف کی یا تو وہ تعریف غلط تھی یا پھر حفیظ شیخ کو مہنگائی کا ذمہ دار قرار دینا غلط ہے۔پروگرام میں میں موجود تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز نے وزارت خزانہ کے بعد وزارت توانائی، وزارت تجارت اور وزارت فوڈ سکیورٹی میں بھی تبدیلیوں کا اشارہ دیدیا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا تعلق صرف وزارت خزانہ سے نہیں ہے بلکہ وزارت توانائی ، وزارت تجارت اور وزارت فوڈ سیکیورٹی میں تبدیلیاں کی جائیں گی ۔ انکا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح غریب آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچانا ہے ۔مہنگائی کی روک تھام کیلئے وزیراعظم نے ہدایات جاری کر رکھیں ہیں۔