لاہور( این این آئی) محکمہ اینٹی کرپشن نے بورے والا سے مسلم لیگ (ن) کے رہنماعبدالصبور سے کروڑوں روپے مالیت کی کمرشل اراضی واگزار کرا لی ۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ملزم نے سرکاری زمین پر قبضہ کرکے لا ء کالج بنا رکھا تھا۔ ملزم عبدالصبور بورے والا
شہر کی پرائم واگزار کرائی گئی کمرشل اراضی کی مالیت 48 کروڑ روپے ہے۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ملزم گزشتہ دس سال سے سرکاری اراضی پر قابض تھا،صوبائی حکومت کی زمین پروونشل کوآپریٹو بینک کو لیز پر دی گئی تھی۔ کوآپریٹو بینک کو سرکاری زمین 1959 میں زرعی گودام کے لئے لیز پر دی گئی تھی۔ ملزم عبدالصبور نے اپنا سیاسی اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طریقے سے 2010 میں بینک سے سرکاری زمین 35000 ماہانہ کرایہ پر حاصل کر لی۔ملزم نے کرایہ داری کی آڑ میں زمین پر قبضہ کر رکھا تھا۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق لیز معاہدہ کے مطابق ملزم کوآپریٹو بینک سے زمین سب لیز نہیں کر سکتا تھا۔ اینٹی کرپشن نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مشترکہ آپریشن کرکے سرکاری زمین واگزار کرالی ۔