کراچی (این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیرخزانہ کی برطرفی دراصل پی ڈی ایم کی کامیابی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی، آئی ایم ایف کے وزیر کو عہدے پر کام جاریرکھنے کے لئے سینیٹ میں جیت درکار تھی جسے ان کی شکست نے ناممکن بنادیا۔
اب حکومت اپنی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ہونے والی بدترین مہنگائی کا اعتراف کررہی ہے۔ پارلیمانی سیاست اس حکومت کے خلاف سب سے زیادہ مؤثر ثابت ہوئی ہے۔دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب سمیت ملک بھر میں پارلیمان کے ذریعے تبدیلی کی خواہاں ہے، ذرائع کی بعض خبروں سے سامنے آنے والا یہ تاثر درست نہیں کہ پی پی پنجاب میں ان ہائوس تبدیلی کیلئے کسی خاص فرد سے رابطہ کرے گی۔ اپنے ایک بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ پی پی پی پارلیمانی جدوجہد کے لئے ہر اس فرد سے رابطہ کرے گی جو اپنی پارٹی کی نمائندگی کرے۔ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے اپوزیشن متحد ہوکر پارلیمانی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی پی تمام سیاسی جماعتوں اور ان کی جانب سے نامزد نمائندوں کا احترام کرتی ہے۔ سیاسی جماعتوں میں کسی معاملے پر اختلاف رائے ان جماعتوں کا اپنا اندرونی معاملہ ہے۔ شازیہ مری نے مزید کہا کہ ہم جمہوری روایات کی پاسداری میں سیاسی جماعتوں کی مرکزی قیادت اور ان کے نمائندگان سے سیاسی مکالمے کے خواہش مند ہیں۔