اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ (ن)کا بلدیاتی اداروں پر کنٹرول بحال ہوگیا ہے۔ جن کی 9 ماہ مدت باقی رہ گئی ہے۔ روزنامہ جنگ میں طارق بٹ کی شائع خبر کے مطابق پنجاب بلدیاتی حکومتوں سے21ماہ محروم رہا ۔ تحریک انصاف کی انتظامیہ نے بلدیاتی اداروں پر پابندی لگادی تھی ۔
سپریم کورٹ نے انہیں بحال کیا ۔ اب ان کی معیاد 31دسمبر 2021 کو مکمل ہوجائے گی۔ پنجاب میں95فیصد میئرز ڈسٹرکٹ کونسلوں کے چیئرمینوں اور کونسلروں کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے ہے ۔ یہ بات راولپنڈی کے بحال ہونے والے میئر سردار نسیم نے بتائی ۔ مقامی حکومتوں کی معیاد 5سال ہے ۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ عدالت عظمی کا فیصلہ اس وقت آیا جب اٹارنی جنرل خالد جاوید خان اور ڈپٹی اٹارنی جنرل سہیل محمود نے منتخب بلدیاتی حکومتوں کو تحلیل کئے جانے کی مخالفت کی ۔ سپر یم کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ پنجاب میں بلدیاتی اداروں کو پہلے 6 ماہ کیلئے ختم کیا گیا۔ بعدازاں انتخابات کا اعلان ہوا لیکن تحلیل مدت میں 21 ماہ کا اضافہ کردیا گیا۔ ان انتخابات کو مشترکہ مفادات کونسل کے زیر التوا فیصلوں سے جوڑ دیا گیا ہے ۔ مسلم لیگ (ن) نے بلدیاتی اداروں کی بحالی پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔ نواز شریف نے اپنے ردعمل میں کہا کہ یہ فیصلہ ووٹ کو عزت دو کے بیانیہ کی فتح ہے۔