لاہور (آن لائن)ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں گھمسان کی جنگ جاری ہے اوراتحاد میں شامل جماعتیں ایک دوسر ے کوچاروںشانے چت کرنے میں مصروف ہیں، مولانافضل الرحمان نے تحریک اور لانگ مارچ کے نام پر پی ڈی ایم میں
شامل جماعتوں سے جومال جمع کیا تھا اب ان سے واپسی کا تقاضہ کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے ان کی طبیعت ناسازہو گئی ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حالت ہارے ہوئے جواریے جیسی ہے جس کی سب کچھ لٹانے کے بعد بھی تسلی نہیں ہو رہی۔ آج تومسلم لیگ (ن) کے اندرموجود لوگ مریم صفدر کی قیادت سے پناہ مانگ رہے ہیں ۔یہ اطلاعات ہیں کہ مریم صفدر کے استاد کے طور پر پہچان رکھنے والا شخص مسلم لیگ (ن) سے بدلہ لے رہا ہے ۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مریم صفدر کواب اپنی سیاسی حیثیت کا اندازہ ہو گیا ہے اس لئے دیہاڑی دار لوگوںسے گاڑی پر پھول نچھاورکرانے سے ان کی سیاست پروان نہیں چڑھے گی ۔انہو ں نے کہا کہ ہم آج بھی یہی چاہتے ہیں کہ اپوزیشن راہ راست پر آ جائے اورماضی میں کی گئی کرپشن کے پیسے واپس کر کے توبہ تائب ہو اوردوبارہ شفافیت کی بنیاد پر اپنی سیاست شروع کرے