لاہور(این این آئی) صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے ن لیگ کو دیا گیا داغ مفارقت کا زخم ابھی تازہ ہے،مفاہمتی سیاست کی پرنانی نے ن لیگ کے ساتھ شریکے داری توڑ کر ن لیگ کے ہوش اڑا دیئے،اسی جدائی کی چیخ و پکار اب لیگی ترجمانوں کے بیانات کی صورت
میں عوام کو برداشت کرنا پڑ رہی ہے۔وزیر جیل خانہ جات پنجاں فیاض الحسن چوہان نے مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے ن لیگ کو دیا گیا داغ مفارقت کا زخم ابھی تازہ ہے،شاہد خاقان عباسی نے بیک جنبش قلم شریف خاندان کو نوازنے کے لیے بیس ارب کی سبسڈی کا فرمان جاری کیا ،اب لیگی ترجمان کس منہ سے سردار عثمان بزدار پر سبسڈیز دینے کا الزام لگا رہے ہیں،حقیقت یہ ہے کہ نواز شریف نے پاکستان کو ایسی ترقی دی جس کی سزا پاکستان آج تک بھگت رہا ہے۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شریف خاندان نے اپنی تابناک کرپشن سے ملک کو خساروں، قرضوں اور معاشی بدحالی کے سوا کچھ نہ دیا،ن لیگی دور نے پاکستان کو 94 ارب ڈالر بیرونی اور 1200 ارب کے گردشی قرضوں کا تحفہ دیا۔ ن لیگ نے 2700 ارب کے بجٹ خسارے اور 16 ارب ڈالرز کے کرنٹ اکانٹ خسارے کے ساتھ ملک ہمارے حوالے کیا۔ فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ سوئی گیس 157 ارب، اسٹیل مل 187 ارب، ریلوے 37 ارب اور پی آئی اے 360 ارب خسارے کے ساتھ چھوڑا،مزید برآں لیگی دور میں یوٹیلیٹی سٹورز 14 ارب جبکہ میٹرو بس منصوبہ 8 ارب کے خسارے میں گیا۔