لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)کرونا وباء کی تیسری لہر نے پاکستانیوں کو تیزی سے شکار کرنا شروع کر دیا ۔ روزانہ کیسز اور اموات کی تعداد میں ہوشربا اضافہ سامنے آرہا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی شرح 10اعشاریہ ایک تک پہنچ چکی ہے۔ تیسری لہر میں طلال چودھری کا خاندان شدید متاثرہ ہوا۔
سابق وفاقی وزیر مملکت طلال چودھری کی والدہ سمیت خاندان کے 4افراد مہلک وباء سے انتقال کر گئے ہیں ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری پیغام کے مطابق طلال چوہدری کے چار فیملی ممبرز کا ایک ہفتے میں کرونا کی وجہ سے انتقال ہوگیا ہے جن میں ان کی والدہ بھی شامل ہیں،اللہ تعالی سب کی مغفرت اور طلال چوہدری کو ہدایت عطا فرمائے،آمین۔ واضح رہے کہ سابق وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی والدہ کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئیں تھیں۔سیاسی و سماجی شخصیات نے ان کی والدہ کے انتقال پرافسوس کا اظہار کیا۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن)کے رہنما سابق وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کی والدہ گزشتہ کئی روز سے کورونا میں مبتلا تھیں، ان کا نجی ہسپتال میں علاج معالجہ جاری تھا۔