کراچی، اسلام آباد(این این آئی، اے پی پی)محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ رواں ماہ شہر میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں موسم گرم رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا
ہے کہ رواں ماہ گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے اور رواں ماہ ذیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی تک رہنے کی توقع ہے۔ترجمان محکمہ موسمیات خالد ملک کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے سے موسم اب سے مرطوب رہے گا، دن میں گرمی جب کہ شام میں سمندری ہوائیں چلنے کاامکان ہے، رواں ماہ بارش کا کوئی سسٹم متوقع نہیں ہے اور رواں برس گرمیوں کا دورانیہ بھی زیادہ ہوگا، عموماً گرمی کا آغاز اپریل سے ہوتا ہے، لیکن اس سال گرمی کا آغاز مارچ سے ہوگیا ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت پنجاب اور ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی پہاڑی علاقوں میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں سرد رہا۔سب سے کم درجہ حرارت، لہہ منفی7،استور،گوپسں منفی2اورکالام میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔