اسلام آباد ( آن لائن)مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہوا جس میں اراکین کی اکثریت نے شرکت کی ،تمام اراکین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آج بدھ صبح پارلیمنٹ ہائوس پہنچیں اور اسلام آباد نہ چھوڑیں ،
مریم نواز بھی آج بدھ کو اسلام آباد پہنچ رہی ہیں جبکہ یوسف رضا گیلانی کے عشائیے میں بھی تمام اراکین کو شرکت کی ہدایت کی گئی تھی ،اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف بھی آج بدھ کو اسلام آباد پہنچ کر اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے اس موقع پر ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف کا پیغام بھی اراکین کو دیا گیا جس میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ تمام ارکان آج سینیٹ انتخاب کے دوران یوسف رضا گیلانی کو اپنا ووٹ دیں ،ان کو کامیاب بنائیں تا کہ اس حکومت کے خاتمے کی طرف اہم پیش رفت ہو ،ہم پی ڈی ایم کے اتحادی ہیں اور یوسف رضا گیلانی کو کامیاب کرانا ہم سب کی ذمہ داری ہے ،اس حوالے سے انہوں نے سینئر قیادت کی ذمہ داری لگائی کہ وہ ن لیگ کے تمام 83 اراکین کی ایوان میں حاضری یقینی بنائیں ۔