دادو(این این آئی)سابق وزیر اعلیٰ سندھ اورپاکستان تحریک انصاف کے رہنما لیاقت جتوئی نے الزام لگایا ہے کہ سیف اللہ ابڑو کو 35 کروڑ روپے کے عیوض سینیٹ ٹکٹ دیا گیا۔سابق وزیر اعلی لیاقت جتوئی اپنی ہی پارٹی کے خلاف کھڑے ہوگئے، انہوں نے الزام لگایا ہے کہ گورنر ہائوس میں سیف اللہ ابڑو کو 35 کروڑ روپے کے عیوض سینیٹ ٹکٹ دیا گیا ہے۔لیاقت جتوئی کی جانب سے وزیر اعظم
عمران خان کو شکایت خط لکھا گیا، جس میں کہا گیا کہ ہمیں نظرانداز کیا جارہا ہے۔ پارٹی میں مسلسل نظرانداز کرنے پر راستے الگ ہوسکتے ہیں۔ ہماری تجاویز کو نظرانداز کیا گیا۔خط میں انہوں نے کہا کہ کہا جارہا ہے کہ جتوئی برادران کی قربانیاں نہیں ہیں۔ سندھ کے اہم فیصلے گورنر ہائوس کے ڈرائنگ روم میں کئے جارہے ہیں۔لیاقت جتوئی نے 26 فروری کو پارٹی رہنمائوں سمیت اپنے ساتھیوں کا اجلاس طلب کرلیا۔